ملک بھر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی، حکام نے الرٹ جاری کر دیا
ملک بھر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی، حکام نے الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے دنوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آج خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب، جنوب مشرقی سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
موسلادھار بارش سے کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کوہ سلیمان اور ملحقہ شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں کے مقامی/برسات کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث شمال مشرقی/جنوبی پنجاب، پشاور، کراچی اور زیریں سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی اندیشہ ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں گزشتہ روز سے بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور کل بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ آج بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جن میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، خانیوال، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، رحیم یار خان، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، مہمند، کوہاٹ، خیبر، کرم، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، لورالائی، سبی، ہرنائی، زیارت، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، تربت، پنجگور، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپور خاص، مٹھی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، کراچی، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، سکھر، خیرپور، کشمور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو شامل ہیں۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بارش کے دوران گھر سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں۔