آئی ٹی پارک کے ذریعے ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی پارک کے ذریعے ہزاروں لوگوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں زیر تعمیر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا جہاں انہوںنے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ۔
شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ) پارک کی تعمیرمیں تعاون پر جنوبی کوریا کی حکومت کے مشکور ہیں، سہولتوں کے اعتبار سے یہ جدید ترین آئی ٹی پارک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک پر لاگت کا تخمینہ 25 ارب روپے ہے، حکومت سنبھالتے ہی ترقیاتی منصوبوں پر24 گھنٹے کام کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک اس خطے میں رول ماڈل ہوگا، آئی ٹی پارک میں 120 دفاتر ہوں گے، بزنس سپورٹ سینٹر بھی آئی ٹی پارک میں قائم ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ماہرین کے ساتھ اس پارک کا قریبی رابطہ ہوگا، آئی ٹی پارک میں ریسٹ ہاؤس بھی تعمیر کیا جائے گا، آئی ٹی پارک کے ذریعے 10 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک پاکستان کا بین الاقوامی معیار کے مطابق پہلا کیٹیگری 3 کا ٹیکنالوجی پارک ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر24گھنٹے تعمیراتی کام کرنے کا نظام متعارف کروایا تھا، خوش آئند بات ہے کہ اس منصوبے کی جلدازجلد تکمیل کے لیے اس پر 24 گھنٹے کام جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی، بذاتِ خود ہفتے اور اتوار کی چھٹی کو ترک کردیا ہے، پروجیکٹ ٹیم اوروزارت آئی ٹی اس منصوبےکو جلد مکمل کرنےکیلئے اقدامات تیزکریں۔