بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس، تعداد 9 ہو گئی
بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس، تعداد 9 ہو گئی
کراچی:پاکستان میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد رواں برس پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
تازہ ترین کیس بلوچستان کے ضلع ژوب سے سامنے آیا ہے، جہاں ڈیڑھ سالہ بچہ پولیو وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ژوب کی یونین کونسل حسن زئی اربن 2 سے ڈیڑھ سالہ بچے سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ بچے میں پولیو کی علامات 28 جون کو ظاہر ہوئیں۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق، وائرس کی جینیاتی جانچ ابھی جاری ہے۔
وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ 50 سے زائد اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی بچوں کے لیے مسلسل خطرہ ہے، خاص طور پر ایسے بچے جن کی قوت مدافعت ویکسین نہ لینے کی وجہ سے کمزور ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے بچانے کا سب سے موثر طریقہ پولیو سے بچاؤ کی متعدد خوراکیں ہیں اور والدین کو اپنے بچوں کو بروقت پولیو ویکسین لگوانے کی تاکید کی۔