مردان میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید، دو زخمی
مردان میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید، دو زخمی
مردان:خیبر پختونخوا کے دوسرے بڑے شہر مردان میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج صبح سویرے مردان کی تحصیل تخت بھائی میں آثار قدیمہ کے قریب واقع پولیس چوکی پر پیش آیا۔ نامعلوم شرپسندوں نے چوکی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل عمر نبی شہید ہو گئے۔
فائرنگ میں کانسٹیبل محمد فیاض اور کانسٹیبل شبیر بھی شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مردان پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کانسٹیبل نے فرائض کی ادائیگی میں شہادت کا اعلیٰ مرتبہ پایا ہے۔
یہ واقعہ خیبر پختونخوا میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملوں کا ایک سلسلہ ہے۔ گزشتہ ماہ، پشاور میں پولیس کے خلاف دو دہشت گرد حملوں میں چار پولیس اہلکار شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔