بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی بڑھ گئی، 5 کشمیر ی شہید
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی بڑھ گئی، 5 کشمیر ی شہید
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کے واقعات میں مزید اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے ضلع کُلگام میں دو مختلف واقعات میں پانچ کشمیری نوجوانوں کی شہادت ہوئی ہے، جبکہ دو فوجی اہلکار بھی قتل ہوگئے ہیں۔
کشمیری میڈیا کے مطابق کُلگام کے گاؤں موڈرگام میں بھارتی فوج نے ایک نیم فوجی سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ چھاپہ مار ٹیم بھیجا اور نام نہاد سرچ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران ایک گھر سے فائرنگ کے بعد ایک فوجی ہلاک ہوگیا، جس کے بعد گھر کو تباہ کر دیا گیا، جہاں سے ایک مسلح کشمیری نوجوان کی لاش بھی ملی۔
اس کے بعد کُلگام کے علاقے فریسام میں بھارتی فوج نے ایک اور گھر پر شدید گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں چار کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، اور ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگیا۔
بھارتی فوج کے ترجمان کے مطابق اس علاقے میں اب بھی دو عسکریت پسند کہیں چھپے ہیں، جن کی تلاش کے لیے علاقے کا محاصرہ کیا گیا ہے۔
ضلع راجوری میں بھی بھارتی فوجی کے ایک کیمپ کے قریب فائرنگ کی اطلاعات ہیں، جس میں ایک فوجی زخمی ہوگیا ہے، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق منجاکوٹ آرمی کیمپ پر رات بھر دہشتگردانہ حملے کی کوشش کی گئی۔