محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی
لاہور : بارشیں برسانے والا نیا نظام آج پاکستان میں انٹری دے گا،نئے نظام کے تحت آج رات سے ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف رواں دواں بارشیں برسانے والا یہ سسٹم اِس وقت بھارت میں بارشوں کا باعث بن رہا ہے، بارشوں کے باعث بھارت کی مختلف ریاستوں میں سیلاب کی کیفیت ہے، پاکستان پہنچنے کے بعد بارشیں برسانے والا نظام 7 مئی تک یہیں قیام کرے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہرِ لاہور کے افق پر آج بادلوں کا راج رہے گا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، شہر میں آج وقفے وقفے سے بادل برسنے کے بھی امکانات ہیں۔
ادھر مون سون بارشوں و ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی ہدایت پر ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرے سے آگاہی بارے پمفلٹ ،سٹریمرز اور بینرز لگانے کی ہدایت کردی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ولنرایبل اضلاع میں اربن فلیش فلڈنگ اور سیلابی خطرے بارے شہریوں کو آگاہ کیا جائے، عوامی سطح تک وزیر اعلیٰ پنجاب کا پیغام پہنچائیں، ممکنہ خطرے کے پیش نظر حکومت پنجاب کے انتظامات مکمل ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے مراسلے میں ڈی سیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کو آگاہ کریں کہ حکومت پنجاب آپ اور آپکے مال مویشیوں کا پوری طرح خیال رکھے گی، دریاؤں اور ندی نالوں سے ملحقہ دیہات میں آگاہی کےلئے مساجد سے اعلانات کروائے جائیں ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ انتظامیہ کوممکنہ سیلاب کے حوالے سے لاؤڈ سپیکر کے ذریعے اطلاعات دینے کی ہدایت کر دی ہے، مساجد میں اعلانات سے لوکل سطح تک عوام کو آگاہی ملے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ضلعی انتظامیہ کو ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز کے ذریعے بھی آگاہی مہم چلانے جبکہ مقامی سطح پر پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کردی ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی بھرپور آگاہی مہم چلائی جارہی ہے، ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کی مسلسل تلقین کی جارہی ہے، عوام الناس جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔